Baaghi TV


آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے ایران کا نیا طریقہ کار، 60 روز تک کوئی فیس نہیں ہوگی

iran

‎ایران نے آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق نئے قواعد کا مقصد بحری ٹریفک کو منظم بنانا اور حالیہ مفاہمتی یادداشت کے بعد تجارتی سرگرمیوں کو مزید آسان بنانا ہے۔
‎ایران کی پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی کے مطابق صرف وہی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکیں گے جو مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت باقاعدہ درخواست جمع کرائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تناظر میں فراہم کی جا رہی ہے۔
‎اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ غیر سرکاری ذرائع یا غیر مجاز چینلز کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ تمام بحری کمپنیوں اور جہازوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ٹرانزٹ درخواست کم از کم 48 گھنٹے قبل جمع کرائیں تاکہ بروقت منظوری اور محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنایا جا سکے۔
‎ایرانی حکام نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ 60 روز تک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کسی بھی بحری جہاز سے کوئی ٹرانزٹ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد عالمی بحری تجارت کو سہولت فراہم کرنا اور خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
‎یاد رہے کہ حالیہ مفاہمتی معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ سعودی عرب سمیت کئی ممالک کے تیل بردار جہاز بھی دوبارہ اس اہم عالمی بحری راستے سے گزرنا شروع ہو گئے ہیں۔

More posts