ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے شہر الخرج میں واقع پرنس سلطان ایئر بیس کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم سعودی حکام نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی اور کہا ہے کہ متعلقہ علاقوں کو لاحق خطرہ ختم ہو چکا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پرنس سلطان ایئر بیس پر امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ ٹینکر طیارے موجود تھے، جنہوں نے ایران کے خلاف امریکی فضائی کارروائیوں میں معاونت فراہم کی تھی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اسی بنیاد پر اس فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الخرج اور ینبع کو درپیش ممکنہ خطرات ٹل گئے ہیں اور صورتحال اب قابو میں ہے۔ سعودی حکام نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ فی الحال کسی نئے خطرے کی اطلاع نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات سعودی عرب کے ان دونوں شہروں کے لیے ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر وارننگ جاری کی گئی تھی، جس کے بعد حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے تھے۔
تاحال سعودی حکام نے ایرانی میڈیا کے میزائل حملے کے دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، جبکہ اس واقعے کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث مختلف فریقین کی جانب سے متضاد دعوے سامنے آ رہے ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
ایرانی میڈیا کا پرنس سلطان ایئر بیس پر میزائل حملے کا دعویٰ
