Baaghi TV

نوجوان نسل کو منشیات،شیشہ نوشی سے محفوظ رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ

islamabad highcourt

اسلام آباد ہائیکورٹ کا شیشہ کیفیز سے متعلق حکم، قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے روک دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیشہ کیفیز سے متعلق کیس میں حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قانونی طور پر کاروبار کرنے والے شیشہ کیفیز کے خلاف جبری کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ وفاق سے جواب بھی طلب کرلیا۔عدالت نے شیشہ کیفیز سے متعلق قواعد و ضوابط ایک ماہ کے اندر نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کو شیشہ سگریٹ نوشی کی روک تھام سے متعلق قوانین جلد منظور کرنے کا حکم دیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات اور شیشہ نوشی سے محفوظ رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ شیشہ کیفیز کے لیے واضح قانونی فریم ورک کا نہ ہونا تشویشناک ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ایک ماہ میں قوانین کو حتمی شکل دے کر تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

حکم نامے میں اسلام آباد پولیس کو غیر قانونی شیشہ کیفیز کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس کو منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس سے تعاون کرنے کا حکم دیا گیا۔عدالت نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق کاروبار کرنے والے ریسٹورینٹس کے خلاف کوئی غیر قانونی اقدام نہ کیا جائے، تاہم قانون یا پرمٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔عدالت نے شیشہ کیفیز سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

More posts