پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کو دے دیا-
وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی اور قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، حکومت سازی اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے پارٹی قیادت کی جانب سے اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا،پارٹی قیادت نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر کی نئی کابینہ کی تشکیل سے متعلق ناموں کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ نواز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے اہم رہنما اصول بھی دیےنواز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خطے میں صحت، تعلیم، صفائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت تمام اہم شعبوں میں مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے پنجاب میں جاری ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات کی طرز پر آزاد جموں و کشمیر کو بھی جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت کی،ترجمان کے مطابق 100 روزہ اصلاحاتی منصوبے کا مقصد آزاد کشمیر میں عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور مختلف شعبوں میں فوری نوعیت کی اصلاحات متعارف کرانا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے نواز شریف کو پمز میں پیش آنے والے سانحے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
