نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے قافلے کے روٹ سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا تھا اس سنگین سیکیورٹی غفلت اور ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے پر پولیس نے ایک سب انسپکٹر سمیت 6 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے-
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 10 مئی کو بنگلورو کے علاقے کگلپورا میں پیش آیا جہاں وزیر اعظم ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے وزیراعظم کی آمد سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل معمول کی چیکنگ کے دوران فٹ پاتھ پر ایک گتّے کا ڈبہ ملا، جس میں جیلاٹن اسٹکس، تاریں، بیٹاریاں اور ٹائمر موجود تھے۔
سیکیورٹی میں اس بڑی خامی کے فوری بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر مواد کو قبضے میں لیا ابتدائی تحقیقات کے بعد بنگلورو ساؤتھ کے ایس پی نے غفلت کے الزام میں 6 پولیس اہلکاروں (بشمول ایک سب انسپکٹر) کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی ہے–
حکام کا کہنا ہے کہ 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا اور واقعے کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکا خیز مواد وزیراعظم کے روٹ کے قریب کیسے پہنچا اور آیا اس کے پیچھے کوئی دانستہ کارروائی تھی یا نہیں۔
