دنیا کی بڑی میراتھونز میں شامل سڈنی میراتھون کل آسٹریلیا میں منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے 40 ہزار سے زائد رنرز شرکت کریں گے۔
سڈنی میراتھون میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز بھی حصہ لے رہے ہیں، جن میں 19 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔ پاکستانی دستے میں کراچی، اسلام آباد اور آسٹریلیا سمیت امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب میں مقیم رنرز شامل ہیں، جبکہ پاکستان سے 12 رنرز خصوصی طور پر سڈنی پہنچ چکے ہیں۔کراچی سے خالد شیخ، ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی، شعیب نظامی، علی قاضی، دانش الہیٰ، حسنین دھرمسے اور یوسف ملک میراتھون میں حصہ لیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خواتین رنرز میں کوکب سرور، ڈاکٹر رابعہ نعیم، مہوش بلال، حرا دیوان اور سیدہ میمونہ ہمدانی شامل ہیں۔دیگر پاکستانی رنرز میں علی زیدی، عامر بٹ، قمر ضیا، جنید میمن، زین عالم، نوید حسن، عمر رشید، تابش مختار، میر شہزاد اور ڈاکٹر عدنان افضل شامل ہیں۔جیو نیوز کے ڈپٹی اسپورٹس ایڈیٹر فیضان لاکھانی بھی سڈنی میراتھون کی اسٹارٹ لسٹ میں شامل ہیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے رنر دانش الہیٰ سڈنی میراتھون میں منفرد انداز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ دانش الہیٰ نے بتایا کہ وہ میراتھون میں شلوار قمیض پہن کر دوڑیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کا نرم اور مثبت تاثر اجاگر کرنا اور دنیا کو اپنے ملک کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔دانش الہیٰ کے مطابق سڈنی میراتھون ان کی ساتویں میراتھون ہے اور وہ اس موقع پر انتہائی پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سڈنی دوڑنے کے لیے بہترین شہر ہے۔
سڈنی میراتھون کا فاصلہ 42.195 کلومیٹر ہے۔ دوڑ کا آغاز نارتھ سڈنی سے ہوگا، جہاں سے رنرز سڈنی ہاربر برج، دی راکس، بارنگارو اور ڈارلنگ ہاربر سمیت شہر کے اہم مقامات سے گزرتے ہوئے سڈنی اوپیرا ہاؤس کے قریب فنش لائن عبور کریں گے۔سڈنی میراتھون 2025 میں ایبٹ ورلڈ میراتھون میجرز کا حصہ بنی تھی، جبکہ 2026 میں کیپ ٹاؤن کے شامل ہونے کے بعد ورلڈ میراتھون میجرز کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔سابق برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نتھاوریاناکس بھی سڈنی میراتھون میں شرکت کریں گے۔ اگرچہ وہ پاکستانی دستے کا باضابطہ حصہ نہیں ہیں، تاہم ان کی میراتھون مہم کا مقصد پاکستان سے جڑا ہوا ہے۔مائیک نتھاوریاناکس میراتھون کے ذریعے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی تنظیم دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں۔انہوں نے 2026 میں 6 میراتھونز کے ذریعے ایک ملین امریکی ڈالر فنڈز جمع کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ سڈنی میراتھون ان کی چھ میراتھونز پر مشتمل مہم کی تیسری ریس ہوگی۔
