Baaghi TV

پاکستان اور روس کے درمیان مثبت پیشرفت نے باہمی اعتماد کو مضبوط کیا ہے،اویس لغاری

electricity

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ عالمی منظرنامے میں پاکستان اور روس کے تعلقات نئی وسعتوں کی جانب گامزن ہیں، اور گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران ہونے والی مثبت پیشرفت نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اویس لغاری نے بدلتے ہوئے عالمی نظام کے تناظر میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کے ویبینار سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دو دہائیوں پر محیط مثبت پیش رفت نے باہمی اعتماد کو مضبوط کیا ہے-

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، توانائی، صنعت، تعلیم اور سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے، پاکستان بین الا قوامی شمال،جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت کا خواہاں ہے، گوادر بندرگاہ کو بین الاقوامی شمال،جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور سے جوڑنے کی تجویز خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر اتفاق اہم پیش رفت ہے، دونوں ممالک ادائیگیوں کے نظام سمیت تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے فعال مشاورت کر رہے ہیں، روس پاکستان ری ایڈمیشن معاہدے سے ویزا سہولتوں، کاروباری روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ ملے گا، جبکہ پاکستان روس میں منعقد ہونے والے اہم اقتصادی اور بین الاقوامی فورمز میں باقاعدگی سے شرکت کر رہا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے پاکستان کو اہم عالمی شراکت دار قرار دینا دونوں ممالک کے تعلقات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا مظہر ہےاسلام آباد اور ماسکو کے درمیان مضبوط ہوتے روابط نہ صرف دوطرفہ مفادات بلکہ وسیع تر یوریشیائی تعاون، علاقائی استحکام اور اقتصادی انضمام کے لیے بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

More posts