Baaghi TV

پاکستان اور سعودی عرب میں زرعی و غذائی تحفظ کی شراکت داری پر اہم پیشرفت

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، دونوں ممالک نے تجارت اور زرعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمان اے الفضلی کی قیادت میں سعودی وفد نے 26 سے 28 اگست تک اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد میں وزارت ماحولیات، پانی و زراعت، جنرل فوڈ سکیورٹی اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے حکام شامل تھے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک نے آئندہ دو سال کے دوران پاکستان کی سعودی عرب کو برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کے لیے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

سعودی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کی۔ دورے کے دوران پاکستان سعودی عرب ایگریکلچر اینڈ فوڈ اسٹریٹجک پلان پر تفصیلی بریفنگز بھی دی گئیں۔

سعودی وفد نے ایس آئی ایف سی، فوجی فاؤنڈیشن، پاک سعودی ایگری بزنس فورم اور نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کا دورہ کیا۔ فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کو تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر رہی۔ سعودی وفد نے مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان چاول کی تجارت بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

سعودی عرب نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد بتدریج دوگنا کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی، جبکہ پھلوں اور ان کے کنسنٹریٹس کی برآمدات بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ سبز چارے کو بھی سعودی وفد نے طویل مدتی سپلائی شراکت داری کے لیے اہم اور امید افزا شعبہ قرار دیا۔

دونوں جانب سے بھکر، پنجاب میں آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ سعودی وفد نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت کی ترغیب بھی دی۔

More posts