Baaghi TV

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون کے 8ویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا

پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں مون سون کے آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا، 29 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، میانوالی، جھنگ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ممکنہ بارشی اسپیل کے باعث لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ برساتی نالوں میں اچانک سیلاب آنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، بوسیدہ اور کچے مکانات سے دور رہنے اور آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو آسمانی بجلی کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کرنے جبکہ بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

More posts