افغان کرکٹرراشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارت اور آسٹریلیا سمیت دو ممالک کی جانب سے شہریت اور ان کی نمائندگی کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے ان تمام پیشکشوں کو مسترد کردیا-
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راشد خان نے یہ انکشاف اپنی آئندہ کتاب ’راشد خان: فرام اسٹریٹس ٹو اسٹارڈم‘ میں کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر کے مختلف مراحل اور اہم واقعات کو تفصیل سے بیان کیا ہےافغان کرکٹر کے مطابق 2023 کے آئی پی ایل سیزن کے دوران انہیں غیر رسمی طور پر اپنی شہریت تبدیل کرنے کے امکانات پر بات چیت کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔
راشد خان کا کہنا تھا کہ مجھے اس طرح کی پیشکشیں (شہریت اور کھیلنے کی) آسٹریلیا اور بھارت دونوں کی جانب سے ملیں لیکن میں نے انہیں کہا کہ اگر میں اپنے ملک کے لیے نہیں کھیلوں گا تو کسی اور ملک کے لیے بھی نہیں کھیلوں گا۔
انہوں نے آسٹریلیا کی پیشکش کی تفصیلات بیان نہیں کیں، تاہم بھارتی پیشکش کا ذکر تفصیل سے کیا رپورٹ کے مطابق اُس وقت وہ آئی پی ایل کی ٹیم گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کر رہے تھے جب ایک ٹیم آفیشل نے انہیں بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایک اعلیٰ عہدیدار ان سے ملاقات کرنا چاہتا ہے۔
راشد خان نے بتایا کہ میں ان سے ملا اور بات چیت شروع ہوئی تو انہوں نے کہا کہ آپ کے ملک (افغانستان) کی صورتحال بہت خراب ہے، آپ بھارت آ جائیں، ہم آپ کو بھارتی دستاویزات دیں گے، یہاں رہیں اور کرکٹ کھیلیں، میں ان کی بات سن کر حیران رہ گیا اور سمجھ نہیں آیا کیا جواب دوں، لیکن میں نے مسکرا کر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں اپنے ملک افغانستان کے لیے ہی کھیلوں گا۔
