ویوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب روسی ڈرون حملے میں اسلحہ ذخیرہ کرنے والے ایک ڈپو میں شدید دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے، جبکہ قریباً 400 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق حملہ جمعہ کی رات کیف کے مغرب میں واقع میلا کے علاقے میں کیا گیا، جہاں ڈپو میں موجود گولے، بارودی سرنگیں اور ڈرونز پھٹنے سے بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ قریبی رہائشی عمارتیں اور بزرگوں و معذور افراد کے لیے قائم نگہداشت مرکز بھی متاثر ہوا۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اسلحہ رہائشی آبادی کے قریب ذخیرہ کرنے کو سنگین غفلت قرار دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکام نے سرکاری غفلت کے الزام میں فوجداری کارروائی بھی شروع کردی ہے۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، روسی وزارت دفاع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے میلا میں موجود گولہ بارود کے ڈپو کو نشانہ بنایا تھا۔
