Baaghi TV

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی وزیراعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات

pak

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس، اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔

وزیراعظم نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے مزید استحکام کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور صحت و تندرستی کی دعاؤں کا اظہار کیا،وزیراعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور فراخدلانہ معاونت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے اہم کردار کی بھی تعریف کی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، تعاون اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا،انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو ایک یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے سعودی سفیر کے لیے ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

More posts