Baaghi TV


کراچی تا سکھر ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبہ، سندھ حکومت کا عالمی بینک کو بریفنگ

‎سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سے عالمی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے، سرمایہ کاری کے مواقع اور مستقبل کے انفرااسٹرکچر منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎ملاقات کے دوران شرجیل میمن نے وفد کو یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کی تازہ پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اس منصوبے کو مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ نظام شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
‎عالمی بینک کے وفد نے سندھ حکومت کی جانب سے عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات اور جدید منصوبوں کو سراہا اور ان اقدامات کو شہری نقل و حمل کے نظام کی بہتری کے لیے اہم قرار دیا۔
‎شرجیل میمن نے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے مختلف اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ، مؤثر ہم آہنگی اور بروقت فیصلے انتہائی ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جدید ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کے ذریعے شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے۔
‎انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت خصوصی بس روٹس متعارف کرانے پر بھی کام کر رہی ہے، جس سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات میسر آئیں گی۔
‎صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کراچی سے سکھر تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے کی خواہش رکھتی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف دونوں بڑے شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور علاقائی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
‎ملاقات میں دونوں فریقوں نے مستقبل میں باہمی تعاون، پائیدار ترقی اور جدید ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

More posts