اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں الگ الگ فضائی حملوں کے دوران حماس کی بحریہ کے ایک کمانڈر سمیت تنظیم کے4 ارکان کو شہید کر دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے علاقے میں پیر کے روز کیے گئے حملے میں حماس کے نیول ارے کے سیل کمانڈر اسامہ نعیم حمدی شملخ کو نشانہ بنایا گیا حماس کی بحری شاخ سمندری کارروائیوں اور کمانڈو سرگرمیوں میں کردار ادا کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شمالی غزہ میں ایک اور فضائی حملے میں حماس کے مزید 3 ارکان شہید ہوئے اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ افراد اسرائیلی دفاعی فورسز کے اہلکاروں پر حملے کی تیاری کر رہے تھے، جس کے بعد انہیں نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے ان دعوؤں کے حوالے سے مزید شواہد جاری نہیں کیے، جبکہ حماس کی جانب سے بھی فوری طور پر اس بیان پر کوئی ردعمل یا شہادتوں کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی مظالم جاری ہیں ، جنگ بندی کے بعد اسرائیلی حملوں میں اب تک مزید ایک ہزار 98 فلسطینی جاں بحق اور 3 ہزار 535 زخمی ہو چکے ہیں اسرائیلی فوج نے گزشتہ روزفضائی حملے کے بعد پھر علاقے سے انخلا کا حکم بھی دے دیا ہے فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے غزہ کے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں 73 ہزار 223 فلسطینی جاں بحق جبکہ ایک لاکھ 73 ہزار 654 زخمی ہو چکے ہیں۔
