Baaghi TV

ترکیہ اور تیونس میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا

jamad u sani

تیونس اور ترکیہ میں ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کی تصدیق کردی گئی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک میں پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ جبکہ بدھ 27 مئی کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق تیونس پہلا اسلامی ملک بن گیا جس نے باضابطہ طور پر ذوالحجہ کے آغاز کا اعلان کیا تیونسی حکام نے ہفتہ 16 مئی کو ذوالقعدہ کی 29 تاریخ قرار دیتے ہوئے چاند نظر آنے کی تصدیق کی، جس کے بعد نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا اعلان کردیا گیا۔

دوسری جانب ترکیہ نے بھی پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ قرار دے دیا ہے ترک حکام کے مطابق ملک میں اسلامی کیلنڈر کے تعین کے لیے فلکیاتی حسابات پر مبنی نظام استعمال کیا جاتا ہے، اسی بنیاد پر ذوالحجہ کے آغاز کی تاریخ مقرر کی گئی ترکیہ میں کئی برسوں سے روایتی رویت ہلال کے بجائے جدید سائنسی اور فلکیاتی اندازوں کے مطابق اسلامی مہینوں کا اعلان کیا جاتا ہے، جس کے باعث وہاں عیدین اور دیگر مذہبی ایام کی تاریخیں پہلے سے طے کرلی جاتی ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان اور بیشتر دیگر اسلامی ممالک میں آج اتوار 17 مئی کی شام ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چاند نظر آنے کی صورت میں قریبی عدالت یا رویت ہلال مرکز کو اطلاع دیں تاکہ باضابطہ اعلان کیا جاسکے۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ بیشتر خلیجی ممالک میں چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں، تاہم حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹیوں کے اعلان کے بعد ہی سامنے آئے گا،اگر سعودی عرب میں آج چاند نظر آگیا تو وہاں بھی یکم ذوالحجہ 18 مئی کو ہوگی اور عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ منائی جائے گی، جبکہ وقوف عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا۔

More posts