کوئٹہ: یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر، رجسٹرار، پروفیسرز اور فیکلٹی ممبران پر مشتمل وفد نے آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بلوچستان کے تعلیمی نظام میں بہتری، طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی اور فروغِ تعلیم کے لیے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں معیاری تعلیم اور جدید مہارتیں سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں مثبت مواقع کی فراہمی سے بلوچستان کی ترقی کی رفتار مزید تیز کی جا سکتی ہے۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان اور فیکلٹی ممبران نے صوبے میں تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی بہتری کے لیے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
