Baaghi TV

افتخار گیلانی آزادکشمیر کے وزیراعظم منتخب

مظفرآباد: مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر افتخار گیلانی آزادکشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان کو 14 ووٹ ملے۔افتخار گیلانی پہلی مرتبہ 2011 میں آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ آزادکشمیر کے وزیر تعلیم کے منصب پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔حالیہ انتخابات میں بیرسٹر افتخار گیلانی مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ٹیکنوکریٹ نشست سے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں انہیں وزیراعظم آزادکشمیر کے لیے امیدوار نامزد کیا تھا۔اجلاس میں رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر، نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور بیرسٹر افتخار گیلانی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 32 اراکین جبکہ پیپلز پارٹی کے 14 اراکین ہیں، جبکہ مزید 7 نشستوں پر انتخابات ہونا باقی ہیں۔

More posts