Baaghi TV

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان، 100 انڈیکس 1,300 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں کاروبار کے آغاز میں ہی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1,300 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔

کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1354 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 85 ہزار 404 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا اور یوں ایک لاکھ 85 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر لی،مارکیٹ کے دوران اتار چڑھاؤ بھی دیکھنے میں آیا، ایک موقع پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 84 ہزار 840 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک آیا، تاہم بعد ازاں تیزی کا رجحان دوبارہ غالب آ گیا اور انڈیکس ایک لاکھ 85 ہزار 714 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک جا پہنچا۔

مارکیٹ میں کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔ انڈیکس پر زیادہ اثر رکھنے والے شیئرز، جن میں حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، ایچ بی ایل، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل شامل ہیں مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک لاکھ 84 ہزار 50 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹوں میں ایشیائی حصص جمعرات کو دباؤ کا شکار رہے سرمایہ کاروں نے چِپ ساز کمپنیوں میں منافع وصولی کو ترجیح دی، جبکہ کرنسی اور بانڈ مارکیٹوں کی نظریں امریکی روزگار کے اعداد و شمار پر مرکوز رہیں، جن سے شرح سود کے مستقبل کے بارے میں اہم اشارے ملنے کی توقع ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بھی چار ماہ کی نئی کم ترین سطح پر آ گئیں برینٹ خام تیل تقریباً 0.8 فیصد کمی کے ساتھ 71 ڈالر فی بیرل پر آ گیا، اس کی ایک وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قطر میں ایران کے ساتھ مذاکرات کو مثبت قرار دینا اور آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت میں اضافہ بھی بتایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ رواں مالی سال 2026-27 کا آغاز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے مثبت رہا ہے اور حالیہ دنوں میں مارکیٹ مسلسل نئی بلندیاں حاصل کر رہی ہے۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے، معاشی اشاریوں میں بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے مثبت توقعات کے باعث بازارِ حصص میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔

More posts