بنگلا دیش کے مشیر برائے کھیل آصف نذرل نے کہا ہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ حکومت نہیں بلکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور کھلاڑیوں نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم کی ورلڈ کپ سے غیر موجودگی پر کسی قسم کا افسوس نہیں کیونکہ یہ فیصلہ قومی وقار، عوام اور کرکٹ کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کیا تھا اور آئی سی سی سے میچز کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے بعد بنگلا دیش نے شرکت سے انکار کیا جس کے بعد اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا۔
دوسری جانب حالیہ مذاکرات کے بعد آئی سی سی نے بنگلا دیش کے خلاف کسی قسم کی پابندی نہ لگانے کا اعلان کیا ہے جبکہ مستقبل میں ایک عالمی ایونٹ کی میزبانی دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے یہ پیش رفت آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات کے بعد سامنے آئی۔
آصف نذرل نے اس پیش رفت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش نے کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے اہم کامیابی حاصل کی ہے اور یہ ملک کے لیے مثبت پیش رفت ہے،مبصرین کے مطابق اس معاملے نے عالمی کرکٹ میں سیاست اور سکیورٹی معاملات کے اثرات کو بھی نمایاں کر دیا ہے جبکہ مستقبل میں ایسے تنازعات کے امکانات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
