نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب نے ریاست مخالف پروپیگنڈا اور عوام میں انتشار پھیلانے کے الزام میں مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔این سی سی آئی اے کے مطابق یہ کارروائیاں ڈائریکٹر پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے اشتعال انگیز مواد پھیلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلانے والے عناصر کی نگرانی کی جا رہی تھی، جس کے بعد مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے۔ترجمان کے مطابق لاہور سے تین افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں غوث صدیق اور اظہر شامل ہیں۔ فیصل آباد میں کارروائی کے دوران تین افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں ذیشان، ظہور اور طارق شامل ہیں۔ اسی طرح ملتان میں چار افراد اصف، فرحان، سہیل اور زبیر کو گرفتار کیا گیا، جبکہ گجرانوالہ سے اعجاز نامی شخص کو ریاست مخالف پروپیگنڈا اور لوگوں میں انتشار پھیلانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے ڈیجیٹل شواہد اور سوشل میڈیا ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے ممکنہ نیٹ ورک اور سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم نے کہا ہے کہ ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے اور عوام میں بے چینی و انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
