مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والے گانے ’پسوڑی‘ نے ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرلیا ہے کوک اسٹوڈیو کے اس مقبول گانے نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرلے اور پاکستان میں تیار کردہ کسی بھی ویڈیو نے پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
کوک اسٹوڈیو نے اتوار کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے گانے کو سننے، اس کے ساتھ گنگنانے اور اسے اپنا بنانے والے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا،علی سیٹھی اور شائے گل کی آواز میں ’پسوڑی‘ 7 فروری 2022 کو کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 میں ریلیز کیا گیا تھا، گانے نے تقریباً 4 سال اور 7 ماہ میں یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کا ہندسہ عبور کیا۔
’پسوڑی‘ کی غیر معمولی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ریلیز کے سال یہ اسپاٹیفائی پر سب سے زیادہ سنا جانے والا پاکستانی گانا تھا، آج بھی یہ علی سیٹھی اور شائے گل دونوں کے اسپاٹیفائی پر سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے گانوں میں سرفہرست ہے، جہاں اسے تقریباً 40 کروڑ 50 لاکھ مرتبہ سنا جا چکا ہے۔
کوک اسٹوڈیو نے اس موقع پر ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں علی سیٹھی، شائے گل اور گانے کے پروڈیوسرز ذوالفقار خان المعروف ذلفی اور عبداللہ صد یقی مداحوں کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں،اسے بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی،گانے کی مقبولیت اس وقت مزید نمایاں ہوئی جب اسے ڈزنی کی سیریز ’مس مارول‘ کے ساؤنڈ ٹریک میں شامل کیا گیا، اس سیریز کی مرکزی کردار پاکستانی نژاد امریکی نوجوان لڑکی ہے اور اس میں پاکستانی ثقافت کے مختلف پہلو نمایاں کیے گئے ہیں۔
بعد ازاں کوک اسٹوڈیو افریقہ نے بھی ’پسوڑی‘ کا نیا ورژن پیش کیا، جس میں علی سیٹھی نے نائجیرین افرو بیٹس کے رنگ میں گانے کو پیش کرنے کے لیے ماروان موسیٰ اور ریکاڈو بینکس کے ساتھ اشتراک کیا’پسوڑی‘ کی مقبولیت نے بالی ووڈ کی توجہ بھی حاصل کی، جہاں بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کی آواز میں اس کا ایک ورژن پیش کیا گیا، تاہم اس اقدام پر پاکستانی مداحوں کی جانب سے خاصی تنقید سامنے آئی اور اسے گانے کی اصل شناخت پر قبضے کی کوشش قرار دیا گیا۔
