Baaghi TV

امریکا کا 5 ایرانی تیل بردار جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ، ایران کا اردن پر جوابی میزائل حملہ

usa

امریکا نے خلیج عمان اور خارگ جزیرے کے قریب ایران کے پانچ تیل کے ٹینکرز پر حملہ کر کے انہیں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے. جس کے جواب میں ایران نے اردن میں قائم امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں اور راکٹوں کی بارش کردی۔

سینٹکام کا کہنا ہےکہ اس کی فورسز نے ایرانی جہازوں پر حملہ ایک امریکی جنگی جہاز پر بیلسٹک میزائل داغنے کی کوششوں کے جواب میں کیا،اس کے جواب میں ایران نے اردن میں قائم امریکی فوجی اڈے اور خطے میں امریکی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں الازرق امریکی اڈے کو نشانہ بنایا ساتھ ہی امریکی بحریہ کے دو ڈسٹرائیرز کو بھی نشانہ بنایا اردن میں امریکا کے ایف 35 اور ایف 15 ہینگرز کو تباہ کردیا گیا ہے، امریکی عملے کو فوری اپنے جہاز چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں امریکی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنائیں گے، ساتھ ہی مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مفادات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک باضابطہ بیان میں بتایا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے دو دنوں میں دو بار ہمارے جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم جہاز ان حملوں سے محفوظ رہا اور کسی بھی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا، جواب میں ایرانی تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے سے قبل جہاز کے عملے کو بحفاظت نکلنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

دوسری جانب ایران کے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف علی عبداللہی نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اگر ہمارے ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا تو ہم خطے میں امر یکی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے حملوں کے بعد ایرانی امورِ خارجہ نے اسے اقوامِ متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔

اس کشیدگی کے حوالے سے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے، اور ہر بار جب وہ ایسا کریں گے تو انہیں اپنے ٹینکرز سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

دوسری جانب اردن کی افواج نے تصدیق کی ہے کہ ان کے دفاعی نظام نے بیس میں سے اٹھارہ ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

More posts