ایران کے حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے امریکی فوج کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر جہنم کے دروازے کھول دو-
امریکی میڈیا کو ٹیلیفونک انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اردن میں ایرانی حملے کے نتیجے میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ ہدایت جاری کیں یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، دونوں فوجیوں نے اپنے وطن کے لیے جان قربان کی اور قوم ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر جہنم کے دروازے کھول دو،امریکا کا بنیادی مقصد ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے، کیونکہ ایسے ہتھیار نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اپنے فوجیوں پر ہونے والے حملوں کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا،صدر ٹرمپ کے اس بیان کو ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر عالمی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اردن میں واقع امریکی ایئربیس پر ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت جب کہ ایک اہلکار کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران کے حملوں میں 29 امریکی فوجی زخمی ہوئے جبکہ متعدد ہیلی کاپٹر شدید متاثر ہوئے اور فوجی تنصیبات کو بھی بھاری نقصان پہنچا،ایران کی جانب سے کی گئی کارروائیوں میں عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب دھماکا خیز ڈرون تباہ کیا، کویت میں امریکی لاجسٹک مرکز، کیمپ اور ایئربیس کے ریڈار سسٹم کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں ہینگرز اور دیگر فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
