Baaghi TV

ناروے کے بادشاہ کنگ ہیرالڈ 89 برس کی عمر میں چل بسے

ناروے کے بادشاہ کنگ ہیرالڈ پنجم 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ شاہی محل کے مطابق کنگ ہیرالڈ نے اوسلو یونیورسٹی ہاسپٹل میں جمعے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 6 بج کر 35 منٹ پر آخری سانس لی۔

بادشاہ کے انتقال کے بعد ناروے کے شاہی محل پر قومی پرچم سرنگوں کردیا گیا، جبکہ شاہی خاندان سوگ میں ہے۔کنگ ہیرالڈ کے انتقال کے بعد ان کے ولی عہد شہزادہ ہاکون ناروے کے نئے بادشاہ کی حیثیت سے تخت سنبھالیں گے۔کنگ ہیرالڈ 17 اگست سے اوسلو کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ انہیں ہیمولائٹک انیمیا (Haemolytic Anaemia) نامی بیماری لاحق تھی، جس میں خون کے سرخ خلیات معمول سے زیادہ تیزی سے ختم ہونے لگتے ہیں۔ اس مرض کے باعث انہیں شدید تھکاوٹ اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔27 اگست کو کنگ ہیرالڈ کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی، جس کے بعد شاہی خاندان کے افراد اسپتال میں ان کے گرد جمع ہوگئے تھے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی ناروے کے بادشاہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شاہی خاندان سے تعزیت کی۔وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ ناروے کنگ ہیرالڈ کے انتقال پر سوگوار ہے، جبکہ پاکستان کے عوام اس غم کی گھڑی میں سوگوار شاہی خاندان اور ناروے کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

More posts