وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل دونوں مہنگے کر دیے گئے ہیں۔ اس فیصلے سے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر دستیاب تھا۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ پہلے ڈیزل کی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر تھی۔
حکومت کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، جس کے بعد صارفین کو بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں زیادہ اضافے کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا
