Baaghi TV

واجب القتل ہو مجھ سے شادی نہیں کرو گی تو،ثاقب چدھڑ نے دھمکی دی،مومنہ کی درخواست

اداکارہ مومنہ اقبال نے ایک بااثر سیاسی شخصیت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے تھانہ چوہنگ میں درخواست جمع کرا دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم ثاقب چدھڑ گزشتہ کئی برسوں سے انہیں ہراساں کر رہا ہے، جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور بلیک میلنگ کے ذریعے ان کی ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔درخواست کے مطابق مومنہ اقبال کی ملزم کے ساتھ 2022 میں جان پہچان ہوئی تھی، جس دوران ملزم نے شادی کی پیشکش بھی کی۔ تاہم بعد ازاں درخواست گزار کو معلوم ہوا کہ ملزم پہلے سے دو شادیاں کر چکا ہے۔ مومنہ اقبال کے مطابق ملزم کی اہلیہ کی جانب سے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کے بعد انہوں نے ثاقب چدھڑ سے تعلق ختم کر دیا اور شادی کی پیشکش مسترد کر دی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ تعلق ختم ہونے کے بعد ملزم مشتعل ہوگیا اور مختلف نمبروں سے دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے لگا۔ درخواست گزار کے مطابق ایک پیغام میں انہیں سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا کہ “تمہاری لاش بھی نہیں ملے گی” جبکہ ایک موقع پر مبینہ طور پر انہیں “واجب القتل” قرار دیتے ہوئے شادی پر مجبور کرنے کی کوشش کی گئی۔

مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے متعدد بار مختلف بہانوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور دعویٰ کرتا رہا کہ اس نے اپنی سابقہ بیویوں کو طلاق دے دی ہے۔ درخواست کے مطابق حالیہ دنوں میں جب ملزم کو مومنہ اقبال کی ممکنہ شادی کے بارے میں علم ہوا تو اس نے مبینہ طور پر جعلی اور نازیبا ویڈیوز اور تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے بھیج کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ مواد درخواست گزار کی بہن اور دیگر قریبی افراد کو بھی بھیجا گیا جبکہ منگیتر اور اس کے دوستوں کو مسلسل کالز اور انسٹاگرام پیغامات کے ذریعے ہراساں کیا جاتا رہا۔ مومنہ اقبال کے مطابق ان کی والدہ نے معاملہ ختم کرنے کی غرض سے ملزم سے رابطہ کیا تو انہیں بھی مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔درخواست گزار نے الزام لگایا کہ ملزم نے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی بلکہ ان کے منگیتر کے خلاف چنیوٹ میں جھوٹا مقدمہ بھی درج کرا دیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزم مسلسل ذہنی دباؤ، خوف اور ہراسانی کا باعث بن رہا ہے۔

مومنہ اقبال نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ثاقب چدھڑ، اس کے مبینہ سہولت کاروں اور دیگر متعلقہ افراد کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے، انہیں اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

More posts