محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ ایک ہفتے کے دوران بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ 8 سے 14 جولائی کے دوران بالائی دریائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے 11 سے 13 جولائی کے دوران بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فلڈ فورکاسٹ ڈویژن کے مطابق دریاؤں کی موجودہ صورتحال قابو میں ہے، بڑے دریاؤں میں اس وقت کسی بڑی سیلابی صورتحال کا خدشہ نہیں، جبکہ پانی کے بہاؤ کی صورتحال مستحکم ہےتربیلا اور منگلا ڈیم کی صورتحال معمول پر ہے، جبکہ بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بھی مسلسل مستحکم ہے۔
